شیخوپورہ ضلع میں قائم مختلف سرکاری محکموں اور برانچز میں ٹاؤٹوں کی بھرمار ہوگئی ہے، پاسپورٹ، سوئی ناردن گیس، نادرا، لیسکو، بینظیر انکم سپورٹ پروگرام، ضلع کونسل، میونسپل کمیٹی، اسلحہ برانچ، ڈومیسائل برانچ، ریکارڈ نقل برانچ، رجسٹری برانچ و دیگر محکموں اور برانچز میں ٹاؤٹ مافیا کی سرگرمیاں روزانہ کی بنیاد پر جاری ہیں سرکاری دفاتر کے کھلنے کے اوقات میں افسران و ملازمین کی طرح ٹاؤٹ پرصبح کے وقت آکر دفاتر و برانچز کے باہر ڈیرے ڈال لیتے ہیں جو آنے والے سائلین سے بات چیت کرکے ان کی آمد کا سبب پوچھتے اورکام کروانے کی مد میں رقم طے کرتے ہیں، اکثریتی ٹاؤٹوں کو محکموں و برانچز کے بعض افسران و ملازمین کی پشت پنائی حاصل ہے جو دن بھر کی کمائی کا باقاعدہ حصہ ان کرپٹ افسران و ملازمین کو پہنچاتے ہیں جس کے باعث ان ٹاؤٹوں کو شہریوں کے مالی استحصال کی کھلی چھٹی حاصل ہے، سادہ لوح شہری سرکاری دفاتر و برانچز کے امور سے لاعلم ہونے اور افسران و ملازمین سے کام نکلوانے کے ہنر سے آشنا نہ ہونے کے باعث اکثر ٹاؤٹوں کی لچھے دار باتوں میں آجاتے ہیں اور رہی سہی کسردفتری افسران و ملازمین کی طرف سے شہریوں کو خوار کئے جانے سے نکل جاتی ہے اور شہری مجبور ہو کر ٹاؤٹوں کی خدمات حاصل کرتے ہیں تاکہ کسی طرح ان کے جائز کام انجام پاسکیں، شہریوں کے مطابق ٹاؤٹوں کی بڑی تعداد مختلف سرکاری ملازمین کے جاننے والوں کی ہے جنہیں دفتری امور کے حوالے سے باقاعدہ ان ملازمین کے کافی حد تک آگاہ کررکھا ہے جس سے انہیں شہریوں کے مختلف امور کی فائلوں کی تیاری میں بڑی مدد ملتی ہے یہ ٹاؤٹ اکثر افسران و ملازمین سے ان کے پاس بیٹھ کر خوش گپیوں میں مصروف نظر آتے ہیں، شہریوں نے ڈپٹی کمشنر شیخوپورہ شاہد عمران مارتھ سے سرکاری دفاتر و برانچز میں جاری کرپشن و رشوت ستانی کی فوری روک تھام کا مطالبہ کیا ہے جبکہ ضلعی انتظامیہ کے ذرائع نے سرکاری افسران و ملازمین کی طرف سے ٹاؤٹوں کی سرپرستی اور ان سے مالی حصہ وصول کرنے کے الزام کی تصدیق نہ کی ہے۔
شیخوپورہ کے سرکاری محکموں میں ٹاؤٹ مافیا کی بھرمار

